ترکیہ میں 15 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی، نئے سخت قوانین نافذ

ترکی (قدرت روزنامہ)ترکیہ نے بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے سوشل میڈیا سے متعلق سخت نئے قوانین متعارف کرا دیے ہیں، جن کے تحت 15 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹ بنانے سے روک دیا گیا ہے۔

بدھ کو اعلان کردہ ان قوانین کے مطابق بڑی ٹیک کمپنیوں کو صارفین کی عمر کی تصدیق یقینی بنانا ہوگی، جبکہ 15 سال سے زائد عمر کے صارفین کے لیے عمر کے مطابق خدمات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ ان قوانین کا اطلاق سرکاری گزٹ میں اشاعت کے 6 ماہ بعد ہوگا۔

نئے ضوابط کے تحت والدین کو بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر زیادہ اختیار حاصل ہوگا، جن میں اکاؤنٹ سیٹنگز کو کنٹرول کرنا، خریداری کی منظوری دینا اور اسکرین ٹائم محدود کرنا شامل ہے۔ پلیٹ فارمز کو بچوں کو نشانہ بنانے والے گمراہ کن یا نقصان دہ اشتہارات روکنے کی بھی پابندی ہوگی۔

یہ سخت قواعد خاص طور پر اُن سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاگو ہوں گے جن کے یومیہ صارفین کی تعداد ایک کروڑ سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ ہنگامی حالات، جیسے قومی سلامتی یا عوامی تحفظ سے متعلق معاملات میں، پلیٹ فارمز کو ایک گھنٹے کے اندر مواد ہٹانے یا رسائی محدود کرنے کے احکامات پر عمل کرنا ہوگا۔

قوانین کے تحت کمپنیوں کو یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ حذف کیا گیا غیر قانونی مواد دوبارہ اپ لوڈ نہ ہو، جس کے لیے مصنوعی ذہانت اور خودکار نظام استعمال کیے جائیں گے۔ حکام کو مطلوبہ ڈیٹا 15 دن کے اندر فراہم کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

خلاف ورزی کی صورت میں مرحلہ وار سزاؤں کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس میں جرمانے کے بعد اشتہارات پر پابندی اور مسلسل خلاف ورزی پر پلیٹ فارم کی بینڈوڈتھ 50 سے 90 فیصد تک کم کی جا سکتی ہے۔

یہ قوانین آن لائن گیمنگ پلیٹ فارمز پر بھی لاگو ہوں گے، جہاں عمر کے مطابق درجہ بندی لازمی ہوگی، جبکہ غیر ملکی کمپنیوں کو ترکیہ میں مقامی نمائندہ مقرر کرنا ہوگا۔

ترکیہ اس اقدام کے ساتھ آسٹریلیا، فرانس، یونان اور پرتگال جیسے ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے، جو بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے اسی نوعیت کے قوانین نافذ کر چکے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert