کراچی کے 26 سالہ نوجوان کے سٹارٹ اپ کا ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے ساتھ 60 ارب ڈالر کا معاہدہ
ایڈوب، نیویڈیا، شاپی فائے سمیت دنیا کی ہزاروں آئی ٹی کمپنیاں ان کے ڈویلپرز کوڈنگ کے لیے کراچی کے اس نوجوان کی کمپنی سے مستفید ہوتے ہیں

کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان کو ایک اہم اعزاز حاصل ہوا ہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ نوجوان صالح آصف کے سٹارٹ اپ ’کرسر‘ کا ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے ساتھ 60 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پایا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صالح آصف کی کمپنی کرسر نے کمپیوٹر کوڈنگ کو خود کار بنانے کے لیے اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے ڈویلپرز کی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے، دنیا کی ہزاروں آئی ٹی کمپنیوں جن میں ایڈوب، نیویڈیا، شاپی فائے سمیت بڑی کمپنیاں شامل ہیں، ان کے ڈویلپرز کوڈنگ کے لیے کراچی کے اس نوجوان کی کمپنی سے مستفید ہوتے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے کرسر کو خریدنے کا مفاہدہ کیا ہے، یہ معاہدہ 60 ارب ڈالر کا ہے اور اگر اس سال کے آخر تک اسپیس ایکس یہ رقم ادا نہ کرسکی تو وہ کرسر کمپنی کو 10 ارب ڈالر دے کر صالح آصف کے ساتھ مل کر کام کرے گی، علاوہ ازیں صالح آصف کا نام فوربز میگزین کی ارب پتی افراد کی فہرست میں بھی شامل ہوگیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ کرسر کمپنی کی مارکیٹ ویلیو 29 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے، جس کے بانی صالح آصف کراچی سے تعلق رکھتے ہیں، انہوں نے نکسر کالج سے تعلیم حاصل کی، اور بعد میں میساچوسٹس آف ٹیکنالوجی میں داخلہ لیا، پھر وہاں انہوں نے تین دوستوں کے ساتھ مل کر اے آئی کوڈ ایڈیٹنگ ٹول کرسر بنانے والی کمپنی Anysphere کی بنیاد رکھی۔
