جامعہ بلوچستان اور محکمہ لائیو اسٹاک حکومت بلوچستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت MOU پر دستخط — ویکسین کی پیداوار بڑھانے پر اتفاق ہوگیا


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) جامعہ بلوچستان اور محکمہ لائیو اسٹاک حکومت بلوچستان کے درمیان مویشیوں کے لیے ویکسین کی پیداوار اور فراہمی میں اضافہ کرنے کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے سنڈیکیٹ ہال میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی تھے۔ صوبائی وزیر سردارزادہ فیصل خان جمالی نے جامعہ بلوچستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اشتراک صوبے میں لائیو اسٹاک کی بہتری، کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری اور خوراک کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔.
اجلاس کے دوران دونوں اداروں کے مابین مفاہمتی یادداشت MOU پرسیکریٹری لائیو اسٹاک ڈاکٹر محمد داؤد بازئی اور وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے دستخط کیے، جبکہ باہمی تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن سیکریٹری لائیو اسٹاک ڈاکٹر محمد داؤد بازئی، ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک محمد فاروق ترین، ڈائریکٹر پلاننگ محمد بخش بگٹی، ڈویژنل ڈائریکٹر کوئٹہ راشد احمد مگسی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر کلیم مندوخیل نے ویکسین کی تیاری، معیار اور سپلائی میکانزم سے متعلق مفصل پریزنٹیشن پیش کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ بلوچستان جدید سائنسی تحقیق اور عملی اقدامات کے ذریعے صوبے کی سماجی و معاشی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اشتراک کے تحت جامعہ بلوچستان سالانہ تقریباً 100 ملین ویکسینز تیار کر کے محکمہ لائیو اسٹاک کو فراہم کرے گی، جس سے مویشیوں کی بیماریوں پر قابو پانے اور لائیو اسٹاک کے شعبے کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی،ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد ایوب کاکڑ. ڈائریکٹر کیسواب ڈاکٹر زاہد مصطفیٰ، ڈاکٹر وحید نور، ڈاکٹر مزمل بخاری اور دیگر فیکلٹی اراکین بھی موجود تھے۔
اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر نے مہمانِ خصوصی اور دیگر معزز شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے درمیان مستقبل میں تحقیق، تربیت اور تکنیکی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert