ایران کا بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان، استنبول اور مسقط کے لیے فضائی آپریشن ہفتے سے شروع کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایران نے جنگ بندی کے بعد تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی مسافر پروازوں کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق ہفتے کے روز یعنی 25 اپریل سے استنبول اور مسقط کے لیے پروازوں کا آغاز کر دیا جائے گا، جبکہ دیگر ملکی اور غیر ملکی روٹس کے لیے اجازت نامے طلب کے مطابق مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔
امام خمینی ایئرپورٹ سٹی کے سربراہ رامین کاشف آذر نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ جنگ کے باعث معطل ہونے والا فضائی آپریشن اب بحالی کی طرف گامزن ہے اور ایئرپورٹ کا تمام بنیادی ڈھانچہ اور نیوی گیشن سسٹم مکمل طور پر فعال ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جنگ بندی کے دوران ایئرپورٹ صرف کارگو آپریشنز کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے، تاہم اب مسافروں کے لیے بھی تمام سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔
ایران کی قومی ایئر لائن نے اس سے قبل بائیس اپریل کو تہران سے مشہد کے لیے پہلی داخلی پرواز چلا کر ملکی آپریشن کا آغاز کیا تھا، جسے اب مزید وسعت دی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں اور تہران کے جوابی اقدامات کے بعد ایران کی فضائی حدود متاثر ہوئی تھیں۔ 8 اپریل سے پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد اب زندگی معمول پر آرہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی حال ہی میں بیان دیا ہے کہ پاکستان کی درخواست پر جنگ بندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ایران کی جانب سے کوئی جامع تجویز سامنے نہیں آتی۔ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات اور سفارتی کوششوں نے ان پروازوں کی بحالی اور خطے میں امن کی امیدوں کو مزید تقویت دی ہے۔

WhatsApp
Get Alert