ڈھاڈر میں سٹی پولیس تھانے پر نامعلوم مسلح افراد کا دستی بموں اور راکٹوں سے حملہ، پولیس کا جوان شہید، ایک حملہ آور ہلاک
ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ، اے ٹی ایف کے 4 اہلکار زخمی، سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع

بولان (ڈیلی قدرت)بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں سٹی پولیس تھانے پر نامعلوم مسلح افراد کے بڑے حملے کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری پولیس کا ایک جوان شہید جبکہ اے ٹی ایف کے 4 اہلکار زخمی ہوئے پولیس کی جوابی فائرنگ کی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا گزشتہ جمعہ کی شب نامعلوم مسلح افراد نے ڈھاڈر سٹی تھانے کو مختلف اطراف سے گھیر کر دستی بموں اور راکٹوں سے نشانہ بنایا زوردار دھماکوں کی آواز سے پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا حملے کے فورا بعد پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جو ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہا فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں بی سی کا جوان صوبہ خان بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گیا اے ٹی ایف پولیس کے چار نوجوان اہلکار سجاد، اصغر، رفیق اور گامڑن زخمی ہوئے جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور بھی ہلاک جبکہ دیگر نامعلوم مسلحہ افراد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے شہید اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈھاڈر منتقل کیا گیا جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد چاروں زخمیوں کو سی ایم ایچ سبی منتقل کر دیا گیا تھا واقعے کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے پہنچ کر تھانے اور گردونواح کو گھیرے میں لے لیا تھا مفرور نا معلوم مسلحہ افراد کی گرفتاری کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی تھی۔
