ہم سیاسی لوگ ہیں، اسمبلی فلور اور سڑکوں پر آواز اٹھائیں گے لیکن ان کے سامنے سرنگوں نہیں ہوں گے،اسد قیصر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے نواز شریف اور اسحاق ڈار اتنی کم آمدن میں ایک عام آدمی کا بجٹ تیار کرکے دے دیں۔ انہوں نے عملاً عوام کو خودکشیوں پر مجبور کیا ہے۔ ان کو پتا ہے ہمیں ووٹ لینا نہیں ہے، ہمیں ویسے ہی ووٹ مل جانا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا مہنگائی کی وجہ سے لوگ خودکشی کر رہے ہیں۔ پنجاب کے کسان کسان رل رہے ہیں۔ گندم کی کم سے کم سپورٹ پرائس کا تعین نہیں کیا گیا۔ آپ نے بارڈرز بند کیے، کسان سستے داموں اپنی فصلیں بیچ رہے ہیں۔ آپ نے افغانستان کے ساتھ بارڈرز بند کیے ہوئے ہیں۔ دنیا کے تجارت کے روٹس کھول رہے ہیں لیکن اپنے سارے روٹس بند کیے ہوئے ہیں۔ دنیا میں تو جنگوں میں بھی کاروبار کھلا ہوتا ہے۔ آپ گندم، گنا اور تمباکو کے کاشتکاروں کو دیکھیں، ایک کاشتکار بھی ایسا نہیں جو اس حکومت سے خوش ہو۔ اس حکومت سے نہ مزدور خوش ہے نہ سرمایہ کار خوش ہے۔ حکومت یہ بتائے کتنی سرمایہ کاری لے کر آئی ہے۔ یہ مکمل طور پر ناکام حکومت ہے، کیونکہ اس کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ہے۔ ہم نے جدوجہد کی ہے اور جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ایک بات یاد رکھیں ہم سیاسی لوگ ہیں۔ ہم اپنی سیاسی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہم اسمبلی فلور پر، سڑکوں پر آواز اٹھائیں گے لیکن ان کے سامنے سرنگوں نہیں ہوں گے۔
