جھل مگسی رشتہ کے تنازع پر تصادم، 6 افراد زخمی، 3 کی حالت نازک

خاصخیلی برادری کے دو گروپ آمنے سامنے، ڈنڈوں اور پتھروں کا استعمال، پولیس کی بروقت کارروائی


جھیل مگسی (قدرت روزنامہ)جھل مگسی کی تحصیل گنداواہ کے علاقے کوٹڑہ میں رشتہ کے تنازع پر خاصخیلی برادری کے دو گروپوں کے درمیان شدید تصادم پیش آیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے زرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں گروپوں کے درمیان رشتہ کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔ بات بڑھنے پر دونوں جانب سے ڈنڈوں اور پتھروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تصادم کافی دیر تک جاری رہا اور دونوں گروپوں کے افراد ایک دوسرے پر حملہ آور رہے۔ جھگڑے کے دوران کئی افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کی ضرورت تھی واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او پسند خان لاشاری پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور حالات کو قابو میں کرنے کے لیے فوری کارروائی کی۔ پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گنداواہ منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں خصوصی نگہداشت میں رکھا گیا ہے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تصادم میں ملوث افراد کی نشاندہی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید یہ کہ علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے مقامی عمائدین نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں فریقین سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معمولی تنازعات کو تصادم میں بدلنا نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے بلکہ علاقے کے امن و امان کو بھی متاثر کرتا ہے پولیس کے مطابق صورتحال اب قابو میں ہے تاہم علاقے میں بدستور نگرانی جاری ہے جبکہ مزید تحقیقات کے بعد واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert