کوئی جرگہ نہیں بلایا جا رہا، پریس کانفرنس کرنے والے مفاد پرست ٹولے سے کوئی تعلق نہیں‘پی ٹی آئی بلوچستان

نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر پریس کانفرنس کرنے والوں کو پارٹی سے فارغ کر دیا گیا ہے، کارکنان باخبر رہیں، صوبائی سیکرٹریٹ کا اعلامیہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی بلوچستان کے زیر اہتمام کوئی جرگہ نہیں بلایا جا رہا۔ پی ٹی آئی بلوچستان مرکز کی ہدایات اور پارٹی آئین کی روشنی میں اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے نام سے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرنے والوں کا پی ٹی آئی بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں ہے، پارٹی آئین اور نظم و ضبط کی صریح خلاف ورزی پر ان کو پارٹی سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ کارکنان ان جیسے مفاد پرست ٹولے سے باخبر رہیں۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا میں تمام تر کامیاب ادارے، تنظیمیں اور سیاسی پارٹیاں پارٹی آئین و نظم و ضبط کے تحت چلتی ہیں۔ پارٹی آئین کے مطابق سزا و جزا اور حوصلہ افزائی کا پیمانہ طے کیا جاتا ہے، اس کے برعکس جن اداروں میں آئین و منشور کی پاسداری نہیں کی جاتی ان کی منزل تباہی و ناکامی ہے۔ پی ٹی آئی کا ایک آئین اور ایک منشور ہے جس کی پابندی چیئرمین سے لے کر ایک عام کارکن پر بھی لاگو ہوتی ہے۔ چند مفاد پرست عناصر جو ذاتی مفادات و مقاصد کے حصول کے لیے تحریک انصاف کا نام استعمال کر رہے ہیں، ان کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

WhatsApp
Get Alert