پاکستان کے پاسپورٹس اور امیگریشن نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے پاسپورٹ اور امیگریشن نظام سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں نظام کی بہتری اور جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل پر تیزی سے کام جاری ہے۔
بریفنگ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد نہ صرف سسٹم میں شفافیت کو فروغ دینا ہے بلکہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر سہولیات فراہم کرنا بھی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل کمپلینٹ سینٹر قائم کیا جائے گا، جہاں شہری موبائل ایپ کے ذریعے اپنی شکایات، سوالات اور مسائل 24 گھنٹے درج کرا سکیں گے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے پاسپورٹ اور امیگریشن کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو سہولت کے ساتھ خدمات کی فراہمی مزید مؤثر ہو جائے گی۔
