معرکہ حق قومی عزم اور اتحاد کی روشن مثال ہے، دفاعِ وطن ناقابلِ تسخیر بن چکا ہے، حیات خان اچکزئی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)معرکہ حق کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر صوبائی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی حیات خان اچکزئی کا قومی و عسکری قیادت کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے معرکہ حق میں فتح کو پاکستان کی بقا اور سالمیت کا سنگِ میل قرار دیا ہے۔
حیات خان اچکزئی نے کہا کہ معرکہ حق محض ایک عسکری فتح نہیں تھی بلکہ یہ حق اور باطل کے درمیان وہ واضح لکیر تھی جس نے ثابت کر دیا کہ دشمن خواہ کتنا ہی مکار کیوں نہ ہو، وہ پاکستانی قوم کے آہنی عزم، بلند حوصلے اور مثالی اتحاد کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوگا۔ یہ کامیابی ہماری قومی تاریخ کا وہ درخشاں باب ہے جو آنے والی نسلوں کو حب الوطنی اور سرفروشی کا درس دیتا رہے گا۔
انہوں نے پاک افواج کی عظیم قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے غازیوں اور شہیدوں نے اپنی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کی جارحیت کا وہ مؤثر جواب دیا جس کی مثال معاصر تاریخ میں نہیں ملتی۔ پاک افواج نے نظم و ضبط کی اعلیٰ ترین مثال قائم کرتے ہوئے وطنِ عزیز کے دفاع کو ہمیشہ کے لیے ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔
حیات خان اچکزئی نے اس عظیم کامیابی کے پیچھے کارفرما سیاسی و عسکری بصیرت کا اعتراف کرتے ہوئے صدرِ مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی قیادت کی جانب سے ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے غیر متزلزل فیصلے اور مضبوط پالیسیوں کی بدولت ہی آج پوری قوم ایک پیج پر متحد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ قیادت عسکری حکام کی بہترین حکمتِ عملی اور میدانِ جنگ میں جوانوں کی درست سمت میں رہنمائی نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے، جس پر پوری عسکری قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔
حیات خان اچکزئی نے خصوصی طور پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی جدوجہد اور دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر ان کے دو ٹوک اور بیباک موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ “پاکستان فرسٹ” کی پالیسی پر عمل کیا اور ہر مشکل گھڑی میں افواجِ پاکستان کا مورال بلند رکھا۔
صوبائی رہنما حیات خان اچکزئی نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی کے ثمرات سب سے زیادہ بلوچستان کو ملے ہیں، جہاں بھارت نواز دہشت گردوں کے خلاف حکومت اور عوام یکجان ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی متحرک قیادت میں صوبہ اب ترقی اور خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل چکے ہیں اور بلوچستان میں امن کا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہو رہا ہے۔ ہماری اصل طاقت ہمارا اتحاد ہے، اور ہماری بقا پاک افواج کی مضبوطی اور ریاست سے وفاداری میں ہے۔
