بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے فنی تعلیم میں بڑے مواقع، گورنر جعفر مندوخیل کی چین سے تعاون بڑھانے پر زور
بلوچستان میں فنی و تکنیکی تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، گورنر بلوچستان

اسلام آباد (ڈیلی قدرت) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں فنی اور تکنیکی تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار اور مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ گورنر نے ٹینگ انٹرنیشنل ایجوکیشن پاکستان کے سربراہ مسٹر سونگ جنگیونگ پر زور دیا کہ وہ سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے پاکستان سے چین بھیجنے کیلئے جاری جدید مہارتیں سکھانے کے پروگراموں میں بلوچستان کا حصہ ضرور بڑھائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی معاشی و معاشرتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے میں سرمایہ کاری کرنے اور نوجوانوں کے استعداد کار بڑھانے سے عام شہریوں کی زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ملاقات میں اس بات کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا کہ تکنیکی تعلیم ملک اور صوبے کی اقتصادی ترقی کیلئے ایک نئی تبدیلی کی قوت بنے۔ گورنر نے چائنیز گلوبل پروفیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن اور نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اسلام آباد کے حکام کو کوئٹہ دورے کی باضابطہ دعوت دی اور صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے TANG انٹرنیشنل ایجوکیشن پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر منصور صدیقی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (Mr. Song Jingyong) کے ساتھ ٹینگ انٹرنیشنل ایجوکیشن پاکستان ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چائنا گلوبل پروفیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن گروپ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

بعد ازاں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (NUTECH) کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ واضح رہے کہ نیوٹیک (NAVTTC) کی چیئرپرسن گل مينه بلال اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گورنر مندوخیل کو ادارے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور مختلف شعبوں ، کلاسوں اور لیبارٹریز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ آپ مستقبل کو اپنی گہری بصیرت کے ساتھ نئی نسل کو موجودہ مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق جدید مہارتوں سے آراستہ کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے نئی راہیں متعین کرنے میں مدد اور رہنمائی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لے کر بلوچستان کے دور دراز اضلاع تک ہر جگہ امید کی کرن اور معاشی طور پر بااختیار ہونے کا حوصلہ پیدا ہو چکا ہے۔ ہماری معزز چیئرپرسن گل مینہ بلال ایک بصیرت والی خاتون کی متحرک قیادت کے بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ جب تعلیم جدید مہارتوں کے ساتھ مل جائے تو کامیابی کی بنیادیں مضبوط ہو جائیں گیں۔ آج کی تیزی سے ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں مہارت صرف ایک ذاتی فائدہ نہیں بلکہ ایک معاشی ضرورت ہے۔ ہم نوجوانوں کو پروفیشنل اور انڈسٹری سے متعلقہ مہارتوں سے لیس کر کے روزگار کے نئے دروازے کھول رہے ہیں۔ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ ہمارا ہر نوجوان تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ مہارت یافتہ بھی ہو۔
