حکومت کا شہریوں کو گھر بیٹھے پاسپورٹ اپلائی کرنے کی سہولت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت نے شہریوں کے لیے پاسپورٹ(Passport) کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنانے کی سمت بڑا قدم اٹھاتے ہوئے گھر بیٹھے آن لائن پاسپورٹ اپلائی کرنے کی سہولت متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ڈی جی پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں نادرا کی ٹیکنیکل ٹیم نے بھی شرکت کی، جہاں پاسپورٹ سسٹم کی بہتری اور ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران موجودہ پاسپورٹ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اسے جدید ٹیکنالوجی کے مطابق ڈھالنے کے لیے متعدد اصلاحات پر بات چیت کی گئی۔ حکام کو وزیرِ داخلہ کے ویژن کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
فیصلے کے مطابق شہری اب جلد ہی گھر بیٹھے آن لائن پاسپورٹ اپلائی کر سکیں گے، جس سے دفاتر کے چکر، قطاروں اور وقت کے ضیاع میں نمایاں کمی آئے گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو تیز، شفاف اور آسان سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت درخواست دہندگان اپنی دستاویزات آن لائن جمع کرا سکیں گے، جبکہ تصدیق اور پروسیسنگ کا عمل بھی ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کو سہولت ملے گی بلکہ پاسپورٹ دفاتر پر دباؤ بھی کم ہوگا۔
