کرائے سے جان چھڑا کر اپنی چھت ڈھونڈنے والوں کیلئے خوشخبری، وزیراعظم اپنا گھر پروگرام سے 5ارب جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک مجموعی طور پر 1845 افراد کو قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں جن کی مجموعی مالیت 5 ارب روپے سے بھی زیادہ بنتی ہے جو کرائے سے جان چھڑا کر اپنی چھت تلاش کرنے والے افراد کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ 4 سال کے عرصے میں اس اسکیم کے ذریعے 5 لاکھ رہائشی مکانات کی تعمیر کیلئے رعایتی شرح سود پر قرضوں کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اب تک موصول ہونے والی 25,304 درخواستوں میں سے 8,990 درخواستوں کی منظوری دی جا چکی ہے، اور منظور شدہ قرضوں کی مجموعی رقم 37 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
اجلاس کے دوران وفاقی سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور سیکریٹری قانون و انصاف نے کمیٹی اراکین کو پروگرام کے ڈھانچے، اس پر عملدرآمد کے طریقہ کار اور ہاؤسنگ فنانسنگ و فورکلوژر قوانین میں مجوزہ ترامیم کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے بتایا کہ یہ ایک سبسڈی پر مبنی ہاؤسنگ فنانس اسکیم ہے جس کے تحت پہلی بار گھر خریدنے والے افراد کو 1 کروڑ روپے تک کا قرض دیا جا سکتا ہے۔اس فنانسنگ پر شرح سود 5 فیصد مقرر ہے جبکہ قرض کی ادائیگی کیلئے 20 سال کی مدت دی گئی ہے، اور مجموعی مالیاتی ڈھانچے میں 90:10 کا تناسب رکھا گیا ہے۔
وزارت کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ بینکوں کے خدشات کم کرنے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے اور ہاؤسنگ فنانس کے شعبے کو پائیدار بنانے کیلئے فورکلوژر اور ریکوری سے متعلق قوانین میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔
کمیٹی اراکین نے اجلاس میں کہا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کا شعبہ ابھی تک مناسب طور پر ترقی نہیں کر سکا، اس لیے اس میں بنیادی نوعیت کی اصلاحات، مؤثر ریکوری نظام اور سازگار ریگولیٹری ماحول ضروری ہے تاکہ مالی ادارے اس شعبے میں زیادہ فعال کردار ادا کر سکیں۔
