پاسپورٹ بنوانا ہے؟ اب گھر بیٹھے موبائل سے بن جائے گا! نادرا کی نئی ڈیجیٹل سروس

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے عوامی سہولت کے لیے ڈیجیٹل سروسز کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ کے ذریعے شناختی اور پاسپورٹ سے متعلق خدمات حاصل کر سکیں گے۔
یہ معاملہ نادرا ہیڈکوارٹر میں ہونے والی ایک اہم ملاقات میں زیرِ غور آیا جہاں ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا اور نادرا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افضل نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان کے امیگریشن اور شناختی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے تاکہ وہ پاسپورٹ اور شناختی دستاویزات سے متعلق مختلف خدمات اپنے گھر سے ہی موبائل ایپ کے ذریعے حاصل کر سکیں۔
مجوزہ منصوبے میں آن لائن درخواستوں کا نظام، ڈیجیٹل تصدیق کے طریقہ کار اور پاسپورٹ و شناختی خدمات کی تیز تر پروسیسنگ شامل ہے۔
حکام کا خیال ہے کہ ایک مربوط ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کو بار بار دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہو جائے گی اور سرکاری خدمات کی مجموعی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔
