سندور کو تندور بنانے والی پاک افواج کو سلام، بلوچستان کا مثبت چہرہ دنیا کو دکھائیں گے، فرح عظیم شاہ


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان اعوامی پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کوئٹہ میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پورا ملک مارکہ حق کا جشن منا رہا ہے، جو کہ ہماری مسلح افواج کی شجاعت اور فتح کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے جس جرات مندی کے ساتھ دشمن کو دندان شکن جواب دیتے ہوئے سندور کو تندور بنا دیا، وہ تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز اور دلیرانہ قیادت کو سلام پیش کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پیشہ ورانہ خدمات کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ دورِ حاضر میں جنگیں صرف میدانِ کارزار تک محدود نہیں رہیں بلکہ اب یہ بیانیے (Narrative) کی جنگ بن چکی ہے، جسے ہمیں اپنی فکری و لسانی صلاحیتوں سے جیتنا ہے۔ اسی مقصد کے تحت انہوں نے نوجوانوں کے لیے ایک بڑے ٹیلنٹ ہنٹ کا اعلان کیا، جس میں کلچر ڈیپارٹمنٹ اور ایمان پاکستان کے تعاون سے صوبائی سطح پر تقریری اور گلوکاری کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان مقابلوں کا باقاعدہ آغاز 19 مئی سے ہوگا جبکہ اختتامی تقریب 24 مئی کو منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی سرزمین محبِ وطن لوگوں سے بھری پڑی ہے اور یہاں کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان مقابلوں میں بھرپور حصہ لیں تاکہ دنیا کو بلوچستان کا مثبت اور پرامن چہرہ دکھایا جا سکے۔
فرح عظیم شاہ نے اعلان کیا کہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے نوجوانوں کو خصوصی انعامات اور اسناد سے نوازا جائے گا تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے اور وہ قومی بیانیے کی تشکیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

WhatsApp
Get Alert