قلات میں جائیداد کے تنازع پر بیٹے کا بزرگ باپ پر تشدد، مظلوم والد قرآن اٹھائے تھانے پہنچ گیا


قلات (ڈیلی قدرت کوئٹہ)قلات میں سفاکی اور سنگ دلی کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک بیٹے نے جائیداد کے حصول کے لیے اپنے بزرگ باپ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق، کلی پندرانی قلات کے رہائشی بزرگ شہری ملک محمد ولد امیر محمد سمالانی، اپنے بیٹے یوسف کے مبینہ تشدد سے شدید زخمی حالت میں قرآن مجید اٹھائے دہائی دیتے ہوئے پولیس تھانہ پہنچ گئے۔ متاثرہ بزرگ نے پولیس کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ان کا بیٹا یوسف زبردستی مکان اور زمین اپنے نام کروانے کے لیے دبا ڈال رہا ہے اور انکار کرنے پر اسے بے رحمی سے مارا پیٹا گیا ہے۔ایس پی قلات زاہد حسین شاہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسے انسانیت سوز قرار دیا اور ایس ایچ او سٹی حبیب الرحمن بابئی و ایڈیشنل ایس ایچ او جمیل عالیزئی کو ملزم کی فوری گرفتاری اور قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کر دیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ بزرگ کا میڈیکل معائنہ کروا لیا گیا ہے، جس کی رپورٹ موصول ہوتے ہی ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔ پولیس حکام نے یقین دلایا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور مظلوم بزرگ کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ کیس کی مزید تفتیش قلات پولیس کر رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert