دشمن 0-8 کی شکست کبھی فراموش نہیں کر پائے گا: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز


لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن 0-8 کی شکست کو کبھی فراموش نہیں کر پائے گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر چیف اور نیول چیف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی فتح اور بھارت کی شکست کی گواہی دنیا نے دی ہے اور یہ گواہی آئندہ بھی دی جاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے دشمن پر پاکستان کی ہیبت کا نشان ثبت کر دیا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان ایک امن پسند ملک ہے مگر وقت آنے پر قوم “بنیان مرصوص” بن کر کھڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق تاریخِ عالم میں پاکستان کی عظمت کا ایک اہم باب بن چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اس موقع پر پوری قوم متحد ہو کر دشمن کے سامنے یکجا ہوئی، اور پاک افواج و عوام کے اتحاد نے دشمن کو جھکنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شاہینوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے برتری ثابت کی۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں ہر محب وطن شہری اس کامیابی پر خوشی منا رہا ہے اور پنجاب کے شہروں، دیہات اور گلی کوچوں میں جشن کا سماں ہے۔

WhatsApp
Get Alert