9 مئی واقعات پاکستانی تاریخ کا سیاہ باب ہیں: شیری رحمٰن

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن نے 9 مئی واقعات کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات ملکی سالمیت اور قومی یکجہتی پر حملہ تھے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھٹو کی شہادت پر کارکنوں نے خود کو جلایا پر حملہ نہیں کیا اور شہید بی بی کی شہادت پر چاروں صوبوں میں کارکنوں نے احتجاج کیا تھا۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ بی بی کی شہادت پر جلاؤ گھیراؤ ہوا، لیکن ملٹری تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملہ نہیں ہوا اور بی بی کی شہادت پر پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا گیا۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات، شہداء کی یادگاروں اور قومی اداروں پر حملے دراصل پاکستان پر حملہ تھے اور پھر اس دن کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو قانون و آئین کےمطابق درست سزائیں دے کر مثال قائم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سیاسی انتقام میں قومی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جو عناصر نوجوانوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکساتے ہیں وہ قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ قوم اپنی افواج، شہداء اور قومی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے اپنی قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو واضح پیغام دیا اور پاکستان عالمی سطح پر مضبوط اور باوقار ملک بن کر ابھرا ہے، اس میں افواجِ پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔
شیری رحمٰن نے یہ بھی کہا ہے کہ افواجِ پاکستان ہمارے قومی وقار، سلامتی اور استحکام کی علامت ہیں۔
