بلوچستان میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے خدشات، حکومت کا گرم علاقوں میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات پر غور


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان کے محکمہ تعلیم نے صوبے سمیت ملک بھر میں بڑھتی ہوئی شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے خدشات کے پیش نظر گرم علاقوں میں قائم تعلیمی اداروں کے لیے موسم گرما کی تعطیلات کا شیڈول زیر غور ہونے کی تصدیق کی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال، درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور آئندہ دنوں میں ہیٹ ویو کے واضح امکانات کے باعث طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے پر غور کیا جا رہا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بھی آئندہ ہفتوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ ایسے میں حکومت بلوچستان نے گرم علاقوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو محدود یا عارضی طور پر معطل کرنے کے حوالے سے مشاورت کا عمل تیز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تجویز زیر غور ہے کہ گرم علاقوں میں موسم گرما کی تعطیلات 15 مئی 2026 سے 3 اگست 2026 تک دی جائیں تاکہ شدید گرمی کے دوران طلبہ کو ممکنہ طبی مسائل، ہیٹ اسٹروک، ڈی ہائیڈریشن اور دیگر موسمی خطرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔ اس مجوزہ شیڈول کے تحت سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے تعطیلات سے مستفید ہوں گے حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کی تعطیلات سے متعلق حتمی فیصلہ متعلقہ محکموں، محکمہ تعلیم اور محکمہ موسمیات کی سفارشات کی روشنی میں کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس حوالے سے باضابطہ اعلان جلد نوٹیفکیشن کے ذریعے جاری کیا جائے گا تاکہ والدین، طلبہ اور تعلیمی اداروں کو بروقت آگاہی فراہم کی جاسکے۔

WhatsApp
Get Alert