الیکٹرک گاڑیاں سستی ہو جائیں گی؟ بی وائے ڈی کا نیا منصوبہ پاکستانی آٹو مارکیٹ بدل دے گا

چین (قدرت روزنامہ)چین کی معروف آٹو کمپنی بی وائے ڈی نے پاکستان میں اپنی نئی پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں یعنی ایسی گاڑیاں جو بجلی اور پیٹرول دونوں پر چلتی ہیں کی تین مختلف ماڈلز متعارف کروانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

کمپنی نے حال ہی میں ان گاڑیوں کے نمونہ ماڈلز ملک میں درآمد کیے ہیں جو اس وقت جانچ اور تجربے کے مرحلے میں ہیں۔ منصوبہ یہ ہے کہ مستقبل قریب میں انہیں مقامی سطح پر جوڑ کر تیار کیا جائے اور پھر مارکیٹ میں پیش کیا جائے۔ آنے والی لائن اپ میں پریمیم ڈینزا بی فائیو، بڑی لگژری ڈینزا بی ایٹ اور عام صارفین کیلئے بی وائی ڈی سیلین سکس شامل ہیں۔

بی وائے ڈی کے تحت کام کرنے والا برانڈ ڈینزا ایک اعلیٰ معیار کی گاڑیوں کا ذیلی برانڈ ہے جو ابتدا میں مرسیڈیز بینز کے ساتھ مشترکہ طور پر شروع کیا گیا تھا تاہم بعد میں یہ مکمل طور پر بی وائی ڈی کی ملکیت میں آ گیا۔ یہ برانڈ خاص طور پر مہنگی اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیوں پر توجہ دیتا ہے اسی لیے اس کی گاڑیاں عام ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ بڑی اور زیادہ سہولیات والی ہوتی ہیں۔

پاکستان میں یہ گاڑیاں بڑی ایس یو ویز جیسے ہنڈائی پیلیسیڈ اور ٹینک فائیو ہنڈریڈ کا مقابلہ کریں گی جبکہ بی وائی ڈی سیلین سکس درمیانے درجے کے صارفین کے لیے پیش کی جائے گی۔

درآمد شدہ گاڑیاں چینی مارکیٹ کے مطابق تیار کردہ ماڈلز ہیں جن میں جدید ہائبرڈ نظام استعمال کیا گیا ہے۔ ڈینزا بی فائیو ایک درمیانے سائز کی گاڑی ہے جو پیٹرول انجن اور برقی موٹر کے امتزاج سے تقریباً پانچ سو چھتیس ہارس پاور پیدا کرتی ہے۔ اس میں بڑی بیٹری موجود ہے جو تقریباً سو کلومیٹر تک صرف بجلی پر سفر ممکن بناتی ہے۔

اسی طرح ڈینزا بی ایٹ ایک بڑی اور لگژری گاڑی ہے جو زیادہ طاقت کے ساتھ طویل سفر کی صلاحیت رکھتی ہے اور بجلی پر بھی اچھا فاصلہ طے کر سکتی ہے جبکہ بی وائی ڈی سیلین سکس نسبتاً چھوٹی اور روزمرہ استعمال کے لیے موزوں گاڑی ہے جو شہری سفر میں زیادہ کارآمد سمجھی جاتی ہے۔

مقامی سطح پر ابھی ان گاڑیوں کی تیاری کے لیے باقاعدہ فیکٹری موجود نہیں تاہم ذرائع کے مطابق بی وائے ڈی جلد پاکستان میں اپنا پیداواری نظام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے بعد گاڑیاں مقامی سطح پر تیار کی جائیں گی جس سے قیمتوں میں کمی آئے گی اور پرزوں کی دستیابی بھی بہتر ہو جائے گی اور خریداروں کا اعتماد بڑھے گا۔

پاکستان میں بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کے باعث لوگ تیزی سے ایسی گاڑیوں کی طرف جا رہے ہیں جو کم خرچ اور ماحول دوست ہوں۔ یہ نئی ٹیکنالوجی شہری سفر میں صرف بجلی پر چلنے کی سہولت دیتی ہے جبکہ لمبے سفر کے لیے پیٹرول کا متبادل بھی موجود رہتا ہے۔

ابھی یہ منصوبہ ابتدائی مرحلے میں ہے اور آنے والے دنوں میں کمپنی کی جانب سے قیمتوں، ماڈلز اور لانچ کے مکمل شیڈول کا اعلان متوقع ہے۔

WhatsApp
Get Alert