وزیرداخلہ محسن نقوی کا پشاور میں پولیس ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ،شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات، سی ٹی ڈی اور سیف سٹی منصوبوں پر بریفنگ

پشاور(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور کا اہم دورہ کرتے ہوئے پولیس ہیڈ کوارٹرز میں بنوں میں شہید ہونے والے 15 پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور شہدا ءکی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی ماؤں کا حوصلہ دیکھ کر عزم مزید مضبوط ہوتا ہے جبکہ ملک کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے اہلکار قوم کا فخر ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا پشاور میں پولیس ہیڈ کوارٹر کا دورہ
وزیر داخلہ کی بنوں میں شہید ہونے والے 15 پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے ملاقات
وزیر داخلہ نے شہید پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا pic.twitter.com/jLDGq865sA— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) May 14, 2026
پشاور میں اپنے دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کی ماؤں کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ جیسی باہمت ماؤں کا حوصلہ ہمارے لیے طاقت کا باعث ہے۔بنوں میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں نے بہادری اور جوانمردی کی اعلیٰ مثال قائم کی اور وہ شہادت کا عظیم رتبہ پا کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے ہیں۔
بعد ازاں وزیر داخلہ نے سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا سے متعلق خصوصی بریفنگ کی صدارت کی، جس میں انہیں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز اور ادارے کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی آگاہی دی گئی۔
انہوں نے سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خوارجیوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں قابل تعریف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی استعداد کار بڑھانے کے لیے وفاقی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
وزیر داخلہ نے خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن اور ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی حاصل کی۔
محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
انہوں نے خیبرپختونخوا سیف سٹی پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا معائنہ کیا اور جدید کیمرا ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے وزیر داخلہ کو سیف سٹی پراجیکٹ اور سی ٹی ڈی کی کارکردگی پر بریفنگ دی جبکہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری، آئی جی ایف سی کے پی کے نارتھ، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
