مجسٹریٹ کی جانب سے دکانوں، ہوٹلز اور کاروباری مراکز پر بلاجواز چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں مجسٹریٹ کی جانب سے دکانوں، ہوٹلز، اشیائے خوردونوش اور دیگر کاروباری مراکز پر بلاجواز چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال نے تاجروں اور عوام کو شدید ذہنی و مالی پریشانی سے دوچار کر رکھا ہے۔ مبینہ طور پر بھتہ خوری اور رشوت خوری کا بازار بھی گرم ہے، جو نہایت افسوسناک اور قابلِ تشویش عمل ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مجسٹریٹ کا دائرہ کار عوامی مفاد، صفائی، نرخ ناموں اور سرکاری احکامات پر عملدرآمد تک محدود ہے اور اس میں پارٹی عوام کے مفاد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے تاہم تاجروں کو ہراساں کرنا، بلاجواز جرمانے عائد کرنا ، جیل منتقل کرنا ، رشوت خوری اور اختیارات سے تجاوز کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں کہ وہ فوری طور پر اس صورتحال کا سختی سے نوٹس لیکر اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے بصورتِ دیگر تاجر برادری اور عوام احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں اور پارٹی ان کے ساتھ ہوگی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون ، منی مارکیٹ، اچکزئی مارکیٹ ،چالو بہاوڑی اسی طرح لیاقت بازار، مسجد روڈ، اندرون شہر بازار کے علاقوں ، قندہاری بازار، عالمو، خیزئی اور دیگر علاقوں میں یہ ناروا اقدامات جاری ہیں۔ سخت ترین مہنگائی ، بدترین بیروزگاری کے عالم میں شہریوں کو حلال روزی کمانے سے محروم رکھنے کے ناروا اقدامات کو ترک کیا جائے ۔
