انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک کے گرد قانون کا گھیرا مزید تنگ

کراچی(قدرت روزنامہ)کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک کے گرد قانون کا گھیرا مزید تنگ ہو گیا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک گیر کریک ڈاؤن کے دوران ملزمہ کی قریبی ترین ساتھی ’بلیک انجیل‘ سمیت 20 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انمول عرف پنکی کی فراہم کردہ معلومات پر لاہور، قصور، اسلام آباد اور اندرونِ سندھ میں برق رفتار چھاپہ مار کارروائیاں کی ہیں، ان کارروائیوں میں پنکی کے گینگ کے 20 اہم کارندوں کو حراست میں لیا گیا، جن میں سب سے اہم گرفتاری کرن عرف ’بلیک انجیل‘ اور اس کے شوہر کی ہے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ ’بلیک انجیل‘ کا نیٹ ورک انتہائی خطرناک اور ہائی پروفائل ہے، کرن عرف بلیک انجیل شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف شخصیات اور اداکاروں کو کوکین سپلائی کرنے کی ذمہ دار تھی، بلیک انجیل کی گرفتاری کے بعد اب ان فنکاروں اور بااثر افراد کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے جو اس نیٹ ورک سے منشیات خریدتے رہے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ پنکی کے مالیاتی نیٹ ورک سے متعلق بھی نئے اور چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے ہیں، پنکی کے گرفتار اکاؤنٹنٹ کی نشاندہی پر مزید 6 ایسے اکاؤنٹس ملے ہیں جن سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئیں، تفتیش میں یہ شواہد بھی ملے ہیں کہ منشیات کی خریداری کے لیے مختلف اوقات میں غیر ملکیوں کو 80 لاکھ روپے سے زائد کی رقم منتقل کی گئی، جو اس گینگ کے بین الاقوامی روابط کا ثبوت ہے۔
