وہاب ریاض کا ویمن ٹیم کو بڑا پیغام، نڈر اور جارحانہ کرکٹ کھیلنے پر زور


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کو نڈر اور جارحانہ کرکٹ کھیلنی ہوگی تاکہ بڑے ایونٹس میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو صرف دفاعی انداز کے بجائے مثبت اور اٹیکنگ کرکٹ اپنانا ہوگی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلی اور کھلاڑیوں نے اعتماد کے ساتھ پرفارم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈز کے بارے میں سوچ کر نہیں کھیلا جاتا بلکہ اچھی کارکردگی خود بخود نئے ریکارڈز قائم کر دیتی ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ اس وقت ویمن ٹیم ابھی تشکیل کے مرحلے سے گزر رہی ہے اور اسی حساب سے تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ورلڈ کپ میں کامیابی کے لیے صرف ایک یا دو نہیں بلکہ تین سے چار کھلاڑیوں کو ایک ساتھ بہترین کھیل پیش کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم میں بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحیت موجود ہے، پوری ٹیم ہی ہمارا ٹرمپ کارڈ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ دباؤ والا ہوتا ہے لیکن ہماری حکمت عملی یہی ہوگی کہ ہر ٹیم کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا جائے۔
وہاب ریاض نے کہا کہ ٹیم نے ڈاٹ بالز کم کرنے اور اسٹرائیک روٹیشن بہتر بنانے پر سخت محنت کی ہے۔ ان کے مطابق کرکٹ میں کامیابی صرف ایک کھلاڑی سے نہیں بلکہ مضبوط ٹیم کمبی نیشن سے حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے سدرا امین کے حوالے سے سوال پر کہا کہ ان کی عدم شمولیت کے بارے میں سلیکٹرز بہتر جواب دے سکتے ہیں تاہم وہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور خاص طور پر ون ڈے کرکٹ میں اچھی پرفارمنس دے چکی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert