ہرنائی میں کوئلہ سے لدی ٹرکوں پر حملہ، دہشت گردی کی شدید مذمت


اسلام آباد / کوئٹہ (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ نے ہرنائی کوئٹہ قومی شاہراہ کے علاقے زیارت مانگی میں کوئلہ سے لدی ٹرکوں پر دہشت گرد حملے اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ Harnai اور بلوچستان میں معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرکوں اور ڈرائیوروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ ضلع ہرنائی میں کوئلہ کی بلا تعطل ترسیل جاری رکھی جا سکے۔
حاجی نور محمد خان دمڑ کے مطابق زیارت مانگی کے علاقے میں دہشت گردوں نے کوئلہ سے لدی پانچ ٹرکوں کو نذر آتش کیا، جبکہ ایس ایچ او مانگی سمیت تین افراد کے اغوا کی بھی اطلاعات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ بلوچستان اور سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا گیا ہے اور علاقے میں صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹرک مالکان اور کوئلہ کان مالکان کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے، حکومت متاثرہ افراد کے نقصان کے ازالے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رہے گی اور انہیں ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert