جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے والے14افغانی گرفتار

پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور کے علاقے تاج آباد میں ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ہاسٹل پر چھاپہ مار کر 14 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا، جو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوائے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد نے جعلی شناختی کارڈز کے حصول کیلئے ایجنٹس کو 25 سے 28 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔ ملزمان کا منصوبہ جعلی پاکستانی شہریت کے ذریعے سعودی عرب جانے کا تھا۔
حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزمان سے مبینہ جعلی پاکستانی پاسپورٹس بھی برآمد ہوئے ہیں، جبکہ اس معاملے میں ایک منظم بین الاقوامی نیٹ ورک کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جو پاکستان اور افغانستان دونوں میں سرگرم ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور اس نیٹ ورک میں شامل دیگر عناصر کا سراغ لگانے کیلئے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ نادرا اور پاسپورٹ دفاتر کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
