گوادر یونیورسٹی کے لاپتہ وائس چانسلر سمیت چاروں اہلکار ضلع مستونگ سے بحفاظت بازیاب

مستونگ (قدرت روزنامہ) گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر اعلیٰ حکام سمیت 13 مئی کو لاپتہ ہونے والے چاروں افراد کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق بازیاب ہونے والوں میں گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد، پرسنل اسٹاف آفیسر (پی ایس او) ڈاکٹر ارشاد بلیدی اور ڈرائیور حاتم بدل شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ تمام افراد گزشتہ دنوں گوادر سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ آتے ہوئے راستے میں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے تھے، جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے سیکیورٹی اداروں اور پولیس نے کارروائیاں شروع کی تھیں۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ چاروں اہلکاروں کو ضلع مستونگ کے علاقے سے بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کے خاندانی ذرائع نے بھی ان کی بازیابی کی تصدیق کردی ہے، جس کے بعد اہلخانہ نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
