کوئٹہ دھماکا: آئی جی بلوچستان نے ابتدائی رپورٹ وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کو پیش کردی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وفاق اور بلوچستان حکومت نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت گزشتہ روز خصوصی اجلاس ہوا جس میں کوئٹہ میں نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کی گئی۔
اجلاس میں شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا گیا جبکہ آئی جی بلوچستان پولیس نے اجلاس میں ریلوے پھاٹک دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت دکھ کی گھڑی میں بلوچستان حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ہر مشکل گھڑی میں بلوچستان کے ساتھ دینے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،، شہدا کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا تھا جس میں 3 ایف سی اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

WhatsApp
Get Alert