شی جن پنگ اور شہبازشریف ملاقات؛ پاکستان کے ساتھ دوستی ناقابلِ شکست ہے، چینی صدر

بیجنگ (قدرت روزنامہ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے ایک انتہائی اہم ملاقات کی ہے، جس میں عالمی اور علاقائی سیاست کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے، جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، شراکت داری، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور عالمی امن سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، یہ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں ممالک نے اپنی فولادی دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا بیجنگ آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے لازوال رشتوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا، چینی صدر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو ہمیشہ اولین ترجیح دیتا ہے، دونوں ممالک نے تاریخ کے ہر مشکل دور اور وقت کی ہر آزمائش میں ایک دوسرے کا ساتھ دے کر ایک ناقابلِ شکست روایتی دوستی قائم رکھی ہے، پاک چین تعلقات کی بنیادیں باہمی پختہ اعتماد، تعاون اور مشترکہ معاشی ترقی پر استوار ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید کشیدگی اور امن و استحکام پر گہری گفتگو ہوئی، اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بڑی کامیابی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے مخلصانہ، ثالثی اور تعمیری کردار کو چین انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ایک مثبت اور ذمہ دار ملک کا کردار ادا کر رہا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چینی قیادت کے اس شاندار اور پرتپاک ردِعمل پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاک چین دیرینہ سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اور غیر متزلزل ستون ہے، دونوں ممالک کے درمیان یہ آہنی دوستی باہمی سٹریٹجک تعاون، امن، ترقی اور دونوں عوام کی خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
