ہانیہ عامر اور سمن کامران فوربز ایشیا کی نمایاں فہرست میں شامل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور فلم ساز سمن کامران نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ دونوں شخصیات کو معروف عالمی جریدے فوربز کی “30 انڈر 30 ایشیا 2026” فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
فوربز کی یہ سالانہ فہرست 30 سال سے کم عمر ایسے نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہوں۔ ہانیہ عامر اور سمن کامران کو انٹرٹینمنٹ اور اسپورٹس کیٹیگری میں جگہ دی گئی ہے۔
ہانیہ عامر گزشتہ کئی برسوں سے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ حال ہی میں وہ انسٹاگرام پر 20 ملین سے زائد فالوورز کے ساتھ پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی خاتون بن چکی ہیں۔
ان کے مقبول ڈراموں میں “کبھی میں کبھی تم” شامل ہے جبکہ وہ جلد نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز “جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو” میں بھی نظر آئیں گی۔ ہانیہ عامر اقوام متحدہ کے خواتین ونگ کی پاکستان کیلئے نیشنل گڈول ایمبیسیڈر بھی ہیں۔
دوسری جانب فلم ساز سمن کامران نے بھی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ ان کی مختصر فلم “دی بیڈ شی میڈ” کو بوسان انٹرنیشنل شارٹ فلم فیسٹیول میں منتخب کیا گیا تھا۔ اس فلم میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور صحت سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا گیا۔
سمن کامران اس سے قبل فلم “عمر و عیار: اے نیو بیگننگ” میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کر چکی ہیں۔
فوربز کی اس فہرست میں شامل ہونا پاکستانی شوبز انڈسٹری کیلئے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مداحوں نے دونوں فنکاروں کو سوشل میڈیا پر مبارکباد دینا شروع کر دی ہے۔
