لیسکو ٹرانسفارمر کی مرمت کیلئے 80 ہزار روپے ادائیگی کی رسید سے انکاری ہے، وزیردفاع خواجہ آصف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیردفاع خواجہ آصف نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) ملازمین پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانسفارمر کی مرمت کے لیے درخواست کے باوجود 80 روپے لیے گئے اور رسید بھی نہیں دی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ ‘میرے گھریلو ملازم کے گاؤں میں ٹرانسفارمر کل جل گیا، لیسکو کے ایک پرانے مہربان سی ای او کو فون کیا کہ کسی کو فون کریں اور مہربانی فرمائیں’۔
انہوں نے بتایا کہ ‘ملازمین نے ٹرانسفارمر مرمت کردیا اور 80 ہزار روپے لیے اور مرمت کردیا اور گاؤں والوں نے چندہ جمع کرکے لیسکو کے ملازمین کو ادا کر دیا، رسید کسی نے نہیں دی’۔
خواجہ آصف نے کہا کہ باقی آپ اندازہ لگا سکتے ہیں، یہ حال ہے کہ ایک سابق بجلی کا وزیر سفارشی ہو اور موجودہ کابینہ کا رکن بھی ہو، اس کی سفارش پر بھی واردات سے گریز نہیں کیا جاتا تو عام صارف کا کیا حال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ‘رقم کی باقاعدہ ادائیگی ہوئی ہے مگر لیسکو رسید سے انکاری ہے’۔
لیسکوکے 3 اہلکار معطل
بعد ازاں لیسکو انتظامیہ نے خواجہ آصف کے ٹویٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 3 اہلکاروں کو معطل کردیا اور ٹرانسفارمر مرمت کرنے والے مکینک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ لیسکو میں خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت کے نام پر پیسے لینے کی شکایات عام ہیں، ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی صورت میں شہریوں سے ایک سے دو ہزار فی گھرانہ وصول کیا جاتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹرانسفارمرکی مرمت کے نام پررشوت علاقے کے حساب سے لی جاتی ہے۔
