چمن کا جلسہ عوامی اتحاد، شعور اور عزم کا مظہر ہے،پشتونوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے خلاف متحد ہونا ہوگا، پشتونخوامیپ

عوام بجلی، پانی، مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی سے دوچار ہیں، پارٹی بیان محمود خان اچکزئی کی قیادت میں آئین کی بحالی کی جدوجہد جاری ہے، پشتونخوامیپ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں پارٹی عید کے مرکزی روایتی چمن کے عظیم الشان جلسہ عام پر پارٹی کارکنوں، بہی خواہوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا گیا ہے جنہوں نے سخت گرمی اور تپتی دھوپ کے باوجود جلسے میں بھرپور شرکت کی اور پشتونخوامیپ کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملی مشر محمود خان اچکزئی اور دیگر مرکزی وصوبائی قائدین کے خیالات /تقاریر کو انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ سنتے رہے اور موجودہ سنگین حالات سے نجات کے لیے اپنے اتحاد، شعور اور عزم کا بھرپور اظہار کیا جو قابلِ تحسین اور حوصلہ افزا ہے۔ جلسہ عام میں عوام کی شرکت موجودہ اذیت ناک صورتحال سے نجات اور مسائل کے حل کے لیے متحدہوکر جدوجہد کرنے پر مہر تصدیق ثبت کی۔ اسی طرح پارٹی کارکنوں،متعلقہ انتظامی کمیٹیوں اور پولیس انتظامیہ کو داد تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے سیکورٹی کے بہترین فرائض سرانجام دیئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فارم 47کی نام نہاد اور مسلط حکومت/حکومتوں نے ملک میں آئین کو نہ صرف پائمال کیا بلکہ پارلیمنٹ کو بے توقیر بناکر قانون کی دھجیاں اڑا کر ریاستی اداروں کو مفلوج کردیا ہے اور عدلیہ و میڈیا کی آزادی ختم کردی گئی ہے جو کسی بھی جمہوری معاشرے کے لیے تشویشناک ہے۔پشتونخوامیپ ہمیشہ جمہوری تحریکوں میں صف اول کا کردار ادا کرتی چلی آرہی ہے اور آج بھی پارٹی کے محبوب چیئرمین محمود خان اچکزئی کی قیادت میں تحریک تحفظ آئین پاکستان ملک کے آئین کواصل حالت میں بحال کرنے، پارلیمنٹ کی خودمختاری، جمہور کی حکمرانی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام،ملک کے تمام اداروں کو متفقہ آئین کے فریم ورک کا پابند بنانے اور ملک کے سب سے پاپولر لیڈر بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور اپنے حقوق کے حصول، جمہوری اقدار کے فروغ اور مسائل کے حل کے لیے متحد اور منظم ہوکر عوامی طاقت ہی ملک میں حقیقی تبدیلی، انصاف اور خوشحالی کی ضامن ہوسکتی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 8فروری 2024کے زروزور کے انتخابات اور فارم 47کی مسلط حکومت کے نتیجے میں عوام آج بے شمار مشکلات اور مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، طویل بندش اور کم وولٹیج نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ پینے کے صاف پانی کی شدید قلت عوام کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ صحت اور تعلیم جیسے بنیادی شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں اور حکومتی عدم توجہی کے باعث عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر، بالخصوص چمن کی تجارت ختم کرنے، بیروزتاری بڑھ جانے اور سخت ترین مہنگائی نے عام آدمی کی قوتِ خرید ختم کر دی ہے اور امن و امان کی خراب صورتحال نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ عوام معاشی، سماجی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، مگر حکمران طبقہ ان مسائل کے حل میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتے۔بیان میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے مختلف واقعات میں شہریوں پر فائرنگ اور اس کے نتیجے میں شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کے واقعات پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ایسے واقعات کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ چمن شہر میں لوٹ مار، چوری، ڈکیتی اور منشیات فروشی کے بڑھتے ہوئے واقعات انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر کھلے عام سرگرم ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلط نام نہاد حکومت عوامی مسائل کے حل میں ناکامی کے باوجود کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے جا رہے ہیں۔بیان کے آخر میں جنوبی پشتونخوا کے تمام غیور، جمہوریت پسند، قوم ووطن دوست عوام کو پشتونخوا وطن اور ملک میں پشتونوں کی ساتھ جاری امتیازی سلوک اور ناروا طرز عمل،پشتونوں کے تجارت، روزگار، تجارتی مراکز، املاک کو نقصان پہنچانے اور جاری نسل کشی کے خلاف متحد ومنظم ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی پشتون قوم سمیت تمام محکوم اقوام ومظلوم عوام کی نمائندگی کرتی چلی آرہی ہے اس وقت پشتونوں پر مسلط صورتحال ناقابل برداشت ہوچکی ہے اور اس میں وطن کے ہر فرد کو اپنا قومی، سیاسی، جمہوری مثبت وتعمیری کردار اد ا کرنا ہوگا اور پشتونخوامیپ کا ساتھ دینا ہوگا کیونکہ پشتونخوامیپ ہی پشتونوں کی نمائندہ اور نجات دہندہ جماعت ہے۔

WhatsApp
Get Alert