کراچی، پشاور اور لاہور دیکھ لیں اور خود ہی فیصلہ کریں: سعد رفیق کا اسکردو میں انتخابی جلسے سے خطاب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے اسکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہےکہ کراچی، پشاور اور لاہور دیکھ لیں اور خود ہی فیصلہ کریں، پنجاب کے کسی شہر بھی جائیں آپ کو تبدیلی نظر آئے گی۔
گمبہ اسکردو میں جلسے سے خطاب میں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پاکستان میں جدید انفرااسٹرکچرکی بنیاد رکھی، اگر نواز شریف کی حکومتیں نہ گرائی جاتیں تویہ ملک ترقی کرچکا ہوتا، ہم اپنی کوتاہی کا اعتراف کرتے ہیں، این ایف سی میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکو شیئر ملنا چاہیے، این ایف سی میں آپ کا شیئر آئےگا تو پیسےمانگنےکی ضرورت نہیں پڑےگی۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کراچی، پشاور اور لاہور دیکھ لیں اور خود ہی فیصلہ کریں، اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق سے زیادہ صوبوں کے پاس فنڈز ہیں، کراچی بدقسمتی سےگندگی کا ڈھیر ہے،کوئی داد رسی کرنے والا نہیں، پنجاب کے کسی شہر بھی جائیں آپ کو تبدیلی نظر آئےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتےہیں تمام سیاسی جماعتوں کو جلسے کرنے کی اجازت ہونی چاہیے، مجھے 22گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سن کر بہت تکلیف ہوئی ہے، شہباز شریف نے 100میگاواٹ سولر انرجی پروجیکٹ دیا ہے۔
سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ کسی ابراہیمی معاہدےکو ہم تسلیم نہیں کرتے۔
