مصلی جبرائیل: جہاں پہلی مرتبہ رسول اللہﷺ نے جبرائیل کے ساتھ نماز ادا فرمائی

مکہ(قدرت روزنامہ)مصلی جبرائیل کا ذکر حدیثِ مبارکہ میں تفصیل سنن ابوداؤد، جامع ترمذی اور سنن نسائی میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: “جبرائیل علیہ السلام نے کعبہ کے دروازے کے پاس (عنْدَ بابِ الْكَعْبَةِ) دو مرتبہ میری امامت کی”۔
اس طویل حدیث میں ذکر ہے کہ پہلے دن انہوں نے ظہر کی نماز اس وقت پڑھائی جب سایہ تسمے کے برابر تھا، پھر عصر، مغرب، عشاء اور فجر کی نمازیں ان کے اول وقت میں پڑھائیں۔
دوسرے دن انہوں نے ان تمام نمازوں کو ان کے آخری وقت میں پڑھایا اور پھر مجھ سے مخاطب ہو کر فرمایا کہ “اے محمد ﷺ! یہی آپ سے پہلے انبیاء کا وقت تھا اور نماز کا وقت ان دو وقتوں کے درمیان ہے”۔ یہ مقام جہاں حضرت جبرائیل علیہ السلام کھڑے ہوئے تھے، وہی ہے جسے آج مصلٰی جبرائیل کہا جاتا ہے۔
ان پتھروں کو کعبہ کے باقی فرش سے مختلف رکھنے کا مقصد محض خوبصورتی نہیں بلکہ ایک عظیم تاریخی واقعے کی یادگار کو محفوظ کرنا تھا۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ یہ وہی مقام ہے
جہاں حضرت جبرائیل علیہ السلام نے نبی کریم ﷺ کو نماز سکھائی تھی، اسی لیے ان قدیم پتھروں کو ہر دور کی تعمیرِ نو (بشمول سعودی دور) میں اسی جگہ برقرار رکھا گیا تاکہ آنے والی نسلیں اس جگہ کو پہچان سکیں جہاں وحی لانے والے فرشتے کے قدم مبارک پڑے تھے۔
