ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت ہر صورت یقینی بنائی جائے، اسسٹنٹ کمشنر


لورالائی(قدرت روزنامہ)ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم نے ناصر آباد، کچلاک، مرغہ خانہ، دھوبی گھاٹ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اور مرکزی بازار کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے BSDI پروگرام کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انجینئر عمران خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے جاری ترقیاتی سکیموں، تعمیراتی پیش رفت، معیارِ تعمیر، فنڈز کے استعمال اور منصوبوں کی تکمیل کے مختلف مراحل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران اور منصوبوں سے وابستہ ٹھیکیدار بھی موجود تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے مختلف مقامات پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کرتے ہوئے منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی وسائل سے جاری منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو دیرپا اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی موثر نگرانی کر رہی ہے اور حکومت کی ہدایات کے مطابق ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیمی اداروں کی بہتری، نکاسی آب کے نظام کی اصلاح اور شہری انفراسٹرکچر کی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں ۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں جاری تعمیراتی اور مرمتی کاموں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام سہولیات جلد از جلد مکمل کی جائیں۔ انہوں نے بازار اور دھوبی گھاٹ کے علاقوں میں صفائی، نکاسی آب اور عوامی سہولیات سے متعلق امور کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ اداروں کو مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے مقامی شہریوں اور عمائدین سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل و تجاویز سنیں شہریوں نے ترقیاتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر ندیم اکرم نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی موثر تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
دورے کے اختتام پر جاری منصوبوں کی مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی کہ منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرتے ہوئے معیار اور شفافیت کو برقرار رکھا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

WhatsApp
Get Alert