اداکارہ نے لیگی رہنما کیخلاف ہراسانی، نازیبا ویڈیوز شیئر کرنے کا مقدمہ درج کرا دیا

لاہور(قدرت روزنامہ)اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر این سی سی آئی اے نے ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
مقدمے میں خاتون کو ہراساں کرنے، نازیبا ویڈیوز شیئر کرنے اور دھمکیاں دینے کی دفعات شامل ہیں۔
متنِ مقدمہ کے مطابق ثاقب چدھڑ نے شادی کی پیشکش مسترد ہونے کے بعد خاتون کو ہراساں کرنا شروع کر دیا۔ ملزم نے دھمکی آمیز پیغامات بھیجے، کردار کشی کی کوشش کی اور مختلف ذرائع سے بلیک میلنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔
متنِ مقدمہ کے مطابق، خاتون کی مبینہ نازیبا ویڈیوز اور نجی معلومات مختلف افراد تک پہنچائی گئیں، این سی سی آئی اے نے انکوائری کے دوران شکایت کنندہ اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات قلمبند کیے۔
ڈیجیٹل شواہد، موبائل فونز اور دیگر آلات فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیے گئے۔ ابتدائی تکنیکی تجزیے میں بعض شواہد سامنے آئے۔
این سی سی آئی اے حکام نے کہا کہ شواہد کی بنیاد پر پیکا ایکٹ 2016 (ترمیمی 2025) اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
