ثاقب چدھڑ نے رمشا اقبال کو ٹرانسفر مبینہ رقم کی منی ٹریل پولیس کو فراہم کردی

لاہور (قدرت روزنامہ) رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے رمشا اقبال کو دی گئی مبینہ رقم کی منی ٹریل پولیس کو فراہم کردی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے پولیس کو اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال اور ان کے خاندان کے خلاف 80 لاکھ روپے کی امانت میں خیانت کی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست دیدی، ثاقب چدھڑ کی جانب سے اداکارہ کی بہن رمشا اقبال کے خلاف تھانے میں جمع کرائی گئی آفیشل درخواست سامنے آچکی ہے، جس میں رمشا اقبال پر دھوکہ دہی، امانت میں مجرمانہ خیانت اور رقم واپس مانگنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
درخواست کے متن میں ایم پی اے نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے رمشا اقبال اور ان کے خاندان کے ساتھ قریبی گھریلو تعلقات تھے، انہی تعلقات کی بنا پر رمشا اقبال نے ریکویسٹ کی کہ ان کے آسٹریلیا جانے اور ویزہ وغیرہ لگوانے کے لیے کم از کم 80 لاکھ روپے کی رقم مختلف اوقات میں ان کے بینک اکاؤنٹ میں بطور امانت رکھوائی جائے، رمشا اقبال نے یقین دہانی کرائی تھی کہ جیسے ہی ویزہ لگنے کا مقصد پورا ہو جائے گا، وہ یہ امانتاً رکھوائی گئی رقم فوری طور پر لازمی واپس کردیں گی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ رمشا اقبال پر اعتماد کرتے ہوئے مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے کی رقم مختلف طریقوں سے فراہم کی، رمشا اقبال کے بینک اکاؤنٹ میں امانتاً رکھنے کے لیے 39 لاکھ روپے کا چیک دیا، بقیہ رقم یعنی 41 لاکھ روپے رمشا اقبال کے تقاضے پر مختلف اوقات میں نقد فراہم کی گئی، یہ تمام لین دین اور رقم کی حوالگی گواہان جاوید اقبال اور بلال اکبر کے سامنے عمل میں لائی گئی۔
ثاقب چدھڑ کا درخواست میں مزید کہنا ہے کہ ویزہ لگنے کا مقصد پورا ہونے کے بعد جب رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو رمشا اقبال نے بار بار تقاضہ کرنے کے باوجود رقم واپس نہیں کی، وہ اپنے گھریلو تعلق کی بنیاد پر مسلسل وقت اور مہلت مانگتی رہیں، یہاں تک کہ رمشا اقبال کا آسٹریلیا کا ویزہ لگ گیا اور انہوں نے بیرونِ ملک سفر کر لیا، روانگی کے وقت بھی انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ آسٹریلیا جاتے ہی رقم واپس کر دیں گی، لیکن بیرونِ ملک جانے کے بعد بھی وہ مسلسل حیلے بہانے بناتی رہی، ان کے خاندان کے دیگر لوگوں سے قربت کی وجہ سے مسلسل مہلت دیتے رہے۔

انہوں نے درخواست کے آخری حصے میں سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمشا اقبال نے تاوقت ملنے والی امانتی رقم واپس نہیں کی، بلکہ اب وہ اس رقم کی واپسی سے صاف مکر گئی ہیں اور انکاری ہو چکی ہیں، رقم ہڑپ کرنے کے ساتھ ساتھ رمشا اقبال کی جانب سے مزید مطالبات کرنے پر سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جو کہ اب بھی مسلسل جاری ہیں، رمشا اقبال امانتی رقم کو مسلسل اپنے ذاتی استعمال میں لا کر اور واپسی سے انکار کرکے امانت میں مجرمانہ خیانت کی مرتکب ہوئی ہیں، رمشا اقبال کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے اور 80 لاکھ روپے کی خطیر رقم واپس دلوا کر داد رسی کی جائے۔