محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی اور انتظامات یقینی بنانے کا فیصلہ: کمشنر کوئٹہ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، پولیس، ایف سی، متعلقہ محکموں کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور شیعہ کانفرنس کے عہدیداران نے شرکت کی۔
کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ محرم الحرام ایک مقدس اور بابرکت مہینہ ہے جس کا احترام تمام مکاتب فکر میں مسلمہ ہے۔ اجلاس کا مقصد یوم عاشور سمیت محرم الحرام کے تمام ایام کے لیے بروقت اور مؤثر انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس کے دوران شیعہ کانفرنس کے نمائندوں نے محرم الحرام کے حوالے سے درپیش مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا، جس پر کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی، نالیوں کی صفائی، سڑکوں کی مرمت اور پیچ ورک کے کام فوری مکمل کیے جائیں۔ اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور جلوسوں و مجالس کے مقامات پر مناسب روشنی کا انتظام بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
کمشنر نے کیسکو حکام کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے دوران خصوصاً ساتویں، نویں اور دسویں محرم کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کو گیس کی فراہمی کے شیڈول کو بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
محکمہ صحت کو ہدایت کی گئی کہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اضافی طبی عملہ، ایمبولینسز، ادویات اور فرسٹ ایڈ کی سہولیات دستیاب رکھی جائیں۔ واسا کو پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
سیکیورٹی سے متعلق کمشنر نے کہا کہ پولیس، ایف سی اور دیگر ادارے مکمل رابطے کے ساتھ فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔ حساس مقامات، جلوسوں کے روٹس اور مجالس کی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مچھ، ڈاگاری اور دیگر علاقوں سے آنے والے عزادار قافلوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور ان کے سفر کے دوران خصوصی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں تمام متعلقہ اداروں کے نمائندے 24 گھنٹے موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert