بلوچستان میں 16 سے 20 جون تک آندھی، گرج چمک اور بارشوں کی پیش گوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) محکمہ موسمیات نے 16 سے 20 جون تک بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرد آلود ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 16 جون سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو 20 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ بحیرہ عرب سے نمی سے بھرپور ہوائیں بھی بالائی اور وسطی علاقوں کا رخ کریں گی۔ اس موسمی نظام کے باعث پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع ژوب، شیرانی، زیارت، کوہلو، نصیرآباد، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، ہرنائی، سبی، بارکھان، خضدار اور ڈیرہ بگٹی میں 16 سے 20 جون کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور ڈھانچوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق فصلوں کی دیکھ بھال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
