امید ہے تیل کی قیمتیں آئندہ 3 سے 6 ماہ میں معمول پر اور مہنگائی میں کمی آئے گی: احسن اقبال

اسلام آباد ( قدرت روزنامہ ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ امید ہے تیل کی قیمتیں آئندہ 3 سے 6 ماہ میں معمول پر اور مہنگائی میں کمی آئے گی۔گزشتہ مالی سال کی پہلی 3 سہ ماہی میں مہنگائی کی شرح مسلسل گر رہی تھی، مہنگائی کی شرح 5، 6 فیصد کی تسلی بخش سطح پر تھی۔

اسلام آباد میں’’ جیو نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آخری سہ ماہی میں ایران، امریکہ جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جنگ کی وجہ سے صرف پاکستان نہیں دنیا بھر میں مہنگائی کی لہر آئی۔ پاکستان نے ایران، امریکہ جنگ کے مسئلہ کے حل کے لیے بہت متحرک کردار ادا کیا۔ امریکہ، ایران تنازع میں امن کا سہرا پاکستان کے سر سجا ہے، امید ہے تیل کی قیمتیں آئندہ 3 سے 6 ماہ میں معمول پر اور مہنگائی میں کمی آئی گی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی بجٹ جی ڈی پی کے حساب سے 2013 سے 2018 تک 1.6 سے لے کر 2.6 فیصد تک بڑھ گیا، 2018 میں باجوہ اور ثاقب نثار نے پاکستانی معیشت پر سکڈ میزائل چلایا۔ بانی پی ٹی آئی کی صورت میں ایک نااہل اور نا تجربہ کار شخص کو لا کر اقتدار میں بٹھایا گیا، 2018 کے بعد پاکستان مسلسل معاشی مشکلات کا شکار رہا۔

انہوں نے کہا کہ یکم اپریل 2022 کو وزارت خزانہ نے آخری سہ ماہی کے لیے بجٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا، وفاقی حکومت کے نیٹ ریوینیو میں سے 74 فیصد قرضوں کی ادائیگی میں جاتا ہے۔ وفاقی بجٹ میں فسکل سپیس کم ہے اس لیے مزید وسائل تلاش کرنے ہوتے ہیں، دفاعی ضروریات سے کسی صورت غفلت نہیں کر سکتے۔ صوبوں نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی قوم کے چیلنجز کو سمجھا ہے، دفاعی اور آبی سیکیورٹی کے معاملات میں وفاق کے ساتھ تعاون پر صوبوں کے شکر گزار ہیں۔

WhatsApp
Get Alert