عنوان: فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے ایران، امریکہ کشیدگی کے دوران عالمی امن کے لیے کلیدی کردار ادا کیا، ضیاء اللہ لانگو


کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی اور امن معاہدے کے دوران فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے دانشمندی، بصیرت اور غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اپنے جاری کردہ بیان میں میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں، جب خطہ سنگین خطرات سے دوچار تھا، پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے امن، استحکام اور سفارتی توازن کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت کے باعث پاکستان نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں کامیاب رہا بلکہ عالمی برادری کو بھی ایک مثبت اور تعمیری پیغام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا داعی رہا ہے اور ایران و امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے مزید کہا کہ ایسے نازک وقت میں پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے جس تدبر، حکمت عملی اور دوراندیشی کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے قیام میں پاکستان کا کردار نہایت اہم ہے اور مستقبل میں بھی پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی مثبت کوششیں جاری رکھے گا۔

WhatsApp
Get Alert