بلوچستان کے ترقیاتی بجٹ پر 56 ارب کا کٹ: وفاق کا معاشی بحران کا جواز، پسماندہ صوبے کے ساتھ سنگین مذاق غربت زدہ عوام کے فنڈز پر چھری چل گئی، وفاق بجٹ کٹوتی پر فوری نظر ثانی کرے: سینیٹر دنیش کمار


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر دنیش کمار نے “یو این اے” نیوز ایجنسی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں وفاقی بجٹ اور بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے زمینی حقائق اور پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار یہاں کے لیے کافی زیادہ بجٹ مختص کیا جانا چاہیے تھا، مگر انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وفاق نے اس دفعہ بلوچستان کے ترقیاتی بجٹ سے 56 ارب روپے کاٹ لیے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے یہ جواز پیش کیا گیا ہے کہ ملک میں جاری معاشی بحران کی وجہ سے یہ کٹوتی کی گئی ہے۔سینیٹر دنیش کمار نے وفاق کے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے کے ساتھ ایسا سلوک کسی بھی صورت نہیں ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کے عوام بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور غربت کے باعث پہلے ہی بہت زیادہ پریشان ہیں، اور اس محروم صوبے کے ترقیاتی فنڈز پر اس طرح کا کٹ لگانے سے یہاں کے عوام کی پریشانیوں اور معاشی مشکلات میں مزید ہولناک اضافہ ہو جائے گا۔ وفاقی حکومت کو اس کٹوتی پر نظرثانی کر کے بلوچستان کا پورا حق فراہم کرنا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert