گاڑیاں سستی ہو جائیں گی؟ ٹیکس میں کمی اور پالیسی میں نرمی؛ حکومت کا حیران کن فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدی پالیسی میں نرمی کرتے ہوئے ٹیکسوں میں کمی اور گاڑیوں کی ماڈل کی حد ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے درآمدی نظام میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو دی گئی بریفنگ میں سیکریٹری کامرس جواد پال نے بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کے مطابق جولائی سے پانچ سال پرانی گاڑیوں کی درآمد پر عائد پابندی ختم کر دی جائے گی تاہم اس کے لیے ماحولیاتی معیار پر پورا اترنا لازمی شرط ہوگا۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی آئندہ ماہ سے 40 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد تک کر دی جائے گی جس سے درآمدی شعبے میں بتدریج نرمی کا عمل مزید واضح ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت حکومت مرحلہ وار استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر پابندیوں میں نرمی کر رہی ہے جس کا مقصد غیر ملکی شہریوں کو اپنی پرانی گاڑیاں پاکستان میں فروخت کرنے کے لیے زیادہ مساوی اور آسان مواقع فراہم کرنا ہے۔
