نوشکی: سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک، کوئٹہ تفتان شاہراہ ٹریفک کے لیے بحال


نوشکی (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سکیورٹی فورسز نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ کو بند کرنے کی دہشتگردوں کی کوشش ناکام بناتے ہوئے فوری اور مثر کارروائی کے دوران پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ شاہراہ کو مکمل طور پر محفوظ بنا کر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح دہشتگردوں نے کوئٹہتفتان شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے آمدورفت معطل کرنے کی کوشش کی، جس پر سکیورٹی فورسز نے بروقت پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کیا اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائی شروع کی۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پانچ دہشتگرد مارے گئے جبکہ دیگر عناصر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے بعد فورسز نے شاہراہ اور گرد و نواح کے علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ اس دوران شاہراہ پر پھنسے ہوئے مسافروں اور گاڑیوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کے حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہتفتان شاہراہ بین الاقوامی تجارت اور بلوچستان کے مختلف اضلاع کے درمیان آمدورفت کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، جسے بند کرنے کی کسی بھی مذموم کوشش کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی روانی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے اور صورتحال کنٹرول میں ہے۔ آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert