سرکاری ملازمین کو سڑکوں پر گھسیٹنا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے، عوامی نیشنل پارٹی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں صوبے کے دارالحکومت کوئٹہ میں صوبائی بجٹ اجلاس کے موقع پر سرکاری ملازمین پر مشتمل گرینڈ الائنس کے رہنماں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور ان پر مبینہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جو طبقہ معاشرے اور ریاست کی خدمت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اسے عزت و احترام دینے کے بجائے سڑکوں پر گھسیٹنا اور طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کرنا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ احتجاج کے دوران خواتین ملازمین کے ساتھ بھی مبینہ طور پر ناروا سلوک، تشدد اور توہین آمیز رویہ اختیار کیا گیا، جو نہ صرف انسانی وقار بلکہ بنیادی شہری حقوق کے بھی منافی ہے؛ ایسے اقدامات کسی بھی مہذب اور جمہوری معاشرے میں کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ حکومتی کمیٹی، گرینڈ الائنس اور صوبے کی معتبر سیاسی جماعتوں کی موجودگی میں جن نکات پر پہلے باہمی اتفاقِ رائے قائم ہوا تھا، ان سے انحراف کرنا حکومتی بدنیتی اور کھلی وعدہ خلافی کی عکاسی کرتا ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ کیے گئے وعدوں کی پاسداری کی جائے اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا پائیدار حل نکالا جائے۔ ملازمین کے خلاف مبینہ انتقامی کارروائیاں، گرفتاریوں کا سلسلہ اور طاقت کا اندھا استعمال ماضی کے سخت گیر مارشل لا ادوار کی یاد دلاتا ہے اور جمہوری روایات کے سراسر منافی ہے۔ بیان میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے مبینہ تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ امر اس لیے مزید حیران کن ہے کہ گرینڈ الائنس ماضی قریب سے خود پولیس اہلکاروں کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے بھی آواز بلند کرتا رہا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار ملازمین کو فوری طور پر رہا کیا جائے، ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں فی الفور بند کی جائیں، تشدد کے واقعات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ملازمین کے تمام جائز مطالبات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert