امریکہ ،ایران کی صلح کرانا پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے، اب ملک کے اندر بھی صلح ہونی چاہیے،بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے امریکہ اور ایران کی صلح کرانا پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے، پہلے 2025 میں پاکستان نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست دی اور اب 2026 میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو پھر بڑی کامیابی دی، ہم سب کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اب ملک کے اندر بھی صلح ہونی چاہیے، عمران خان کو رہا کیا جائے تو ہم پارلیمنٹ کے اندر اس صلح کا جشن منائیں گے، پاکستان میں سیاسی استحکام آئے گا اور معاشی ترقی ہو گی۔
عمران خان سے ملاقات کے سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا رات کے اندھیرے میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی، ملاقات کریں گے تو دن کی روشنی میں کریں گے اور سب کو بتائیں گے۔35 دن میں ہونے والے فیصلے 16 ماہ سے التواء کا شکار ہیں ۔ انصاف صرف ہونا نہیں ، ہوتا ہوا نظر بھی آئے ، جو ہر شہری کا آئینی حق ہے ۔ ہمیں کسی ریلیف کی نہیں آئین اور قانون کے مطابق فیصلوں کی ضرورت ہے۔
