فیلڈ مارشل عاصم منیر سے گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی ملاقات، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی ملاقات ہوئی جس میں دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گھانا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں جانب سے فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ تربیت، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔

بعد ازاں جمہوریہ گھانا کے نیشنل سیکیورٹی کوآرڈینیٹر عبدالرزاق عثمان نے نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں گھانا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ بھی موجود تھے۔

WhatsApp
Get Alert