عفت عمر نے شادی کی پہلی رات کیا کِیا؟ دلچسپ انکشاف

کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان کی معروف اداکارہ، ماڈل اور میزبان عفت عمر نے اپنی شادی کی پہلی رات سے متعلق ایک ذاتی اور دلچسپ یاد شیئر کی ہے، جس نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق عفت عمر اپنے کھلے اندازِ گفتگو اور سماجی موضوعات پر واضح رائے دینے کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شادی کی پہلی رات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی وی ڈراموں میں اس موقع کو ایک خواب کے انداز میں دکھایا جاتا ہے، لیکن اصل زندگی اس سے بالکل مختلف ہوتی ہے۔
انہوں نے اپنی شادی کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’میں آپ کو بتاتی ہوں کہ میں نے اپنی شادی کی پہلی رات کیا کیا تھا۔ میں فرش پر بیٹھی اپنی سلامی کے پیسے گن رہی تھی، پھر ہم سو گئے۔ مجھے بس یہ جاننے کا تجسس تھا کہ سلامی میں کتنے پیسے ملے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اصل زندگی میں انسان اتنا تھک چکا ہوتا ہے کہ وہ ان سب چیزوں کے بارے میں نہیں سوچتا جو ڈراموں میں دکھائی جاتی ہیں۔
ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آئے۔ کچھ صارفین نے ان کی سادگی اور کھری بات کو دلچسپ قرار دیا جبکہ بعض لوگوں نے کہا کہ اس طرح کی ذاتی باتیں عام طور پر غیر معمولی انداز میں وائرل ہو جاتی ہیں۔
اسی گفتگو کے دوران رائٹر عدیل افضل نے بھی شادی کی رات کے مناظر لکھنے کے حوالے سے اپنے تجربات بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈراموں میں اس قسم کے سین لکھنا آسان نہیں ہوتا کیونکہ ناظرین کی توقعات مختلف ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’میں نے حال ہی میں ایک ڈرامہ لکھا جس میں شادی کا سین تھا۔ شادی کی رات کا منظر لکھنے میں مجھے کئی دن لگے کہ اسے مختلف انداز میں کیسے دکھایا جائے۔ ناظرین ایسے مناظر کو پسند کرتے ہیں اور انتظار کرتے ہیں، اس لیے ہمیں اشاروں کے ذریعے کہانی آگے بڑھانی پڑتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک اس طرح کا کوئی ایسا منظر مکمل طور پر کامیاب انداز میں تخلیق نہیں ہو سکا جو ناظرین کے ذہنوں میں دیر تک رہے۔
عفت عمر کے اس بیان نے ایک بار پھر یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ ڈراموں میں دکھائی جانے والے مناظر اور حقیقی زندگی کے تجربات میں فرق ہوتا ہے۔
