پنجاب حکومت کا 6 نئے روٹس پر الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ
مسافروں کی سہولت کیلئے روٹس پر بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کر دیا جائے گا؛ حکام

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے صوبے میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور سستی سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے جولائی سے 6 نئے روٹس پر جدید الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، اس ماحول دوست سروس کے تحت ناروال کے مسافروں کو اب صرف 20 روپے میں الیکٹرک بس کا آرام دہ سفر میسر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے اس سروس کے باقاعدہ آغاز کے لیے 11 جدید الیکٹرک بسیں فراہم کر دی ہیں، یہ نئے روٹس ناروال کو صوبے کے دیگر اہم علاقوں بشمول شکر گڑھ ، ظفروال، قلعہ احمد آباد ، قلعہ کالر والا اور بادوملہی سے منسلک کریں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سروس میں شامل ہر الیکٹرک بس ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے پر تقریباً 80 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جیسے جیسے اس گرین ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو وسعت دی جائے گی، مسافروں کی سہولت کے لیے روٹس پر بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کر دیا جائے گا۔
دوسری طرف وفاقی بجٹ میں جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ریلیف کے طور پر میٹرو بس اور گرین الیکٹرک بس سروسز کے لیے سبسڈی میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا، گزشتہ مالی سال کے 3 ارب روپے کے مقابلے میں نئے مالی سال کے لیے سبسڈی بڑھا کر 7 ارب 30 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ اضافی سبسڈی کا اطلاق میٹرو بس سروس اور گرین الیکٹرک بس سروس پر ہوگا، جس سے شہریوں کو معیاری اور سستی سفری سہولتوں کی فراہمی مزید بہتر بنائی جا سکے گی، راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان میٹرو بس سروس 2014ء سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور روزانہ لاکھوں مسافر اس سہولت سے استفادہ کر رہے ہیں، جڑواں شہروں کے مزید بیس سیکٹرز اور روٹس پر گرین الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ بھی نئے مالی سال میں شامل کیا گیا ہے، راولپنڈی ڈویژن میں اب تک تئیس روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ کا اجرا ہو چکا ہے جبکہ مزید بیس روٹس پر گرین الیکٹرک بسیں مرحلہ وار متعارف کرائی جائیں گی۔
