کراچی میں رینجرز کیمپ حملے کے زخمی دہشتگرد کے اہم انکشافات

کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر حملے میں ملوث دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار کے زخمی دہشت گرد نے اہم انکشافات کردیے۔
زخمی دہشت گرد نے کہا کہ میرا نام عثمان علی ہے، میں افغانستان کے علاقے جلال آباد سے آیا ہوں، میرے ساتھ 3 اور ساتھی تھے۔
گرفتار دہشت گرد نے مزید کہا کہ میرے ساتھیوں کے نام عبدالہادی، جانان اور عمر فاروق تھے، میرے ساتھ آنے والا دہشت گرد عبدالہادی مارا جاچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جانان نے پاکستان رینجرز کے کیمپ پر بم پھینکا تھا، ہم لوگ 7 دن قبل پاکستان میں باجوڑ کے رہائشی عبدالہادی کے پاس آئے تھے۔
گرفتار دہشت گرد عثمان نے یہ بھی بتایا کہ ہمیں زیر تعمیر عمارت میں رکھا گیا تھا، حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ عبدالہادی وزیرستان سے لایا تھا، جب بھاگ رہا تھا تو مجھے گولی لگ گئی اور وہیں گر گیا۔
گرفتار دہشت گرد نے کہا کہ پہلے ہمیں فوج اور رینجرز میں فرق معلوم نہیں تھا، یہاں آکر رینجرز سے واقف ہوئے اور ہمیں بتایا گیا کہ یہ سب کافر ہیں۔
